امت نیوز ڈیسک //
سرینگر : صوبائی کمشنر کشمیر انشول گرگ نے ہفتے کو کہا کہ حالیہ برف باری اور تیز رفتار ہواؤں کے بعد پوری وادی میں موسمی حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی فراہمی اور سڑک کے رابطوں کی بحالی کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے۔
یوم جمہوریہ کی تقریبات سے قبل صوبائی کمشنر کشمیر انشول گرگ نے انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) کشمیر ودھی کمار بردی کے ہمراہ سرینگر کے پرتاپ پارک میں واقع بلیدان ستمب کا دورہ کیا جہاں انہوں نے فل ڈریس ریہرسل کے دوران سلامی لی اور بلیدان اسٹمب میں شہداء کو خراج پیش کیا۔
سرینگر میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے انشول گرگ نے اس موقع کو مبارک قرار دیا اور کہا کہ یوم جمہوریہ کی سالانہ تقریب کے لیے وسیع تیاریاں کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز، اسکولی بچوں اور مختلف محکموں کے دستے گزشتہ ایک ماہ سے مسلسل مشق کر رہے ہیں تاکہ تقریبات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔
صوبائی کمشنر نے کہا کہ گزشتہ دو روز میں شدید بارش اور برف باری کے باوجود تشکیل ٹیموں نے اسٹیڈیم اور دیگر مقامات کو تیار کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے کام کیا۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ہر سال کی طرح یوم جمہوریہ کی تقریب میں شرکت کریں اور تقریبات کا مشاہدہ کریں۔
موسم سے متعلق نقصان کے بارے میں جانکاری دیتے ہوئے صوبائی کمشنر نے کہا کہ ضلع سرینگر سمیت وادی کے بیشتر اضلاع میں برف باری ہوئی جبکہ بعض مقامات پر ہوا کی رفتار 150 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کر گئی جس سے بعض علاقوں میں نقصان ہوا۔
انہوں نے کہا کہ بحالی کا کام فوری طور پر شروع کر دیا گیا ہے وہیں بجلی کی سپلائی تیز رفتاری سے بحال کی جا رہی ہے اور سپہر تک مکمل بحالی کی توقع کی امید ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کل سے موسمی حالات میں نمایاں بہتری آئی ہے اور ہوائی اڈے اور ٹرین خدمات پہلے ہی معمول پر آچکی ہیں۔
سڑکوں کی صفائی کا کام بھی جاری ہے، کل 20,000 کلومیٹر میں سے تقریباً 15,000 کلومیٹر سڑکوں کو صاف کیا گیا ہے۔ باقی ماندہ حصوں کو این ڈی آر ایف اور دیگر ایجنسیوں کی مدد سے صاف کیا جا رہا ہے۔
صوبائی کمشنر انشول گرگ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت کے مطابق وادی کشمیر میں برفباری کے بعد معمول کے حالات کی بحالی کو یقینی بنانے کے لیے ہفتے کی شام تک برفباری صاف کرنے کا کام مکمل کرنا ہے





