امت نیوز ڈیسک //
جموں، 3 فروری : مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ 5 فروری سے تین روزہ دورے پر جموں و کشمیر پہنچ رہے ہیں، جس کے دوران وہ سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے اور اعلیٰ سطحی اجلاسوں کی صدارت کریں گے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق وزیرِ داخلہ اپنے دورے کے دوران لیفٹیننٹ گورنر، سینئر سول انتظامیہ کے افسران، اور مسلح افواج و سیکیورٹی ایجنسیوں کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں امن و امان کی موجودہ صورتحال، انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں اور مجموعی سیکیورٹی تیاریوں پر تبادلۂ خیال متوقع ہے۔
تین روزہ دورے کے دوران سیکیورٹی ایجنسیاں زمینی صورتحال اور امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ بھی دیں گی۔ ذرائع کے مطابق امت شاہ مختلف ایجنسیوں کے درمیان تال میل کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ آئندہ کی حکمتِ عملی پر بھی غور کریں گے۔
یہ رواں سال امت شاہ کا جموں و کشمیر کا پہلا دورہ ہوگا، جو کہ یونین ٹیریٹری میں جاری اسمبلی کارروائی اور بڑھتی ہوئی سیاسی سرگرمیوں کے تناظر میں اہم سمجھا جا رہا ہے۔
یہ دورہ 7 فروری کو اختتام پذیر ہوگا، جبکہ حکام کے مطابق وزیرِ داخلہ کی آمد سے قبل سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
[کے این ٹی]





