امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 4 فروری : پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر محبوبہ مفتی نے بدھ کے روز کہا کہ کشمیر میں نسبتاً امن و امان اور بالخصوص خواتین اور لڑکیوں کے لیے تحفظ کی ایک بڑی وجہ خطے میں شراب کی محدود دستیابی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے اپیل کی کہ وہ وادی میں شراب پر مکمل پابندی کے لیے پی ڈی پی کے مجوزہ بل کی حمایت کریں۔
کشمیر نیوز سروس (کے این ایس) سے گفتگو کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ پی ڈی پی اس معاملے پر اسمبلی میں بل پیش کرنے جا رہی ہے اور انہوں نے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا کہ وہ ذاتی طور پر مداخلت کریں اور اس بل کو ایوان میں زیرِ غور لانے کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا،“اگر حکومت یہ دعویٰ کرتی ہے کہ جموں میں اس طرح کے بل کی مخالفت ہے تو پھر کشمیر میں عوام کی اکثریتی رائے کو نظر انداز کیوں کیا جا رہا ہے، جہاں لوگ شراب پر پابندی چاہتے ہیں؟”
سیاحت کے نام پر پابندی کی مخالفت کے دلائل پر طنز کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا،“سیاح گجرات اور بہار بھی جاتے ہیں، جو دونوں شراب سے پاک ریاستیں ہیں۔ پھر کشمیر میں پابندی کیوں نہیں ہو سکتی؟”
محبوبہ مفتی نے زور دے کر کہا کہ شراب پر پابندی کشمیر کے سماجی اور ثقافتی اقدار کو مضبوط کرے گی اور خطے کے اخلاقی تشخص کے تحفظ میں مددگار ثابت ہوگی۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے اپیل کی کہ وہ “سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہو کر” کشمیری سماج کے مفاد میں اس مجوزہ قانون سازی کی حمایت کریں۔






