امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 25 فروری: نائب صدر سی پی رادھا کرشنن بدھ کی شام دو روزہ دورے پر جموں و کشمیر پہنچ گئے۔ نائب صدر کو لے کر آنے والا خصوصی بزنس بوئنگ طیارہ سری نگر ایئرپورٹ پر اترا۔
ایئرپورٹ پر جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منو ج سنہا ، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ ، چیف سیکریٹری اٹل ڈولو، فوج کی 15 کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ اور ڈی جی پی نے ان کا استقبال کیا۔
نائب صدر سخت سیکورٹی حصار میں چشمہ شاہی میں واقع راج بھون روانہ ہوئے، جہاں وہ اپنے قیام کے دوران ٹھہریں گے۔ عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا جموں و کشمیر کا پہلا دورہ ہے۔
نائب صدر جمعرات کو کشمیر یونیورسٹی کے حضرت بل کیمپس میں منعقد ہونے والے 21ویں کانووکیشن میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔ لیفٹیننٹ گورنر یونیورسٹی کے چانسلر جبکہ وزیر اعلیٰ پرو چانسلر ہیں۔
سکیورٹی سخت، ٹریفک ایڈوائزری جاری
نائب صدر کی آمد سے قبل سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے۔ سکیورٹی فورسز نے مختلف راستوں کی اسکریننگ اور ڈرائی رن کیا، جبکہ شہر کے کئی مقامات پر عارضی چیک پوائنٹس قائم کیے گئے۔ گاڑیوں کی تلاشی اور مسافروں کی چیکنگ میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
ٹریفک محکمہ نے تفصیلی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ جمعرات کو بڈیاری چوک اور گپکار کے راستے نشاط، شالیمار، ہارون اور ملحقہ علاقوں کی جانب ٹریفک کی اجازت نہیں ہوگی۔
رام منشی باغ سے ہوٹل گرینڈ پیلس کی طرف ٹریفک معطل رہے گی اور گاڑیوں کو ڈل گیٹ، سنگرمل اور اخوان چوک کی جانب موڑ دیا جائے گا۔
اسی طرح ڈل گیٹ، خانیار، رینہ واری، سید کدل اور حضرت بل روڈ پر مخصوص اوقات میں ٹریفک محدود رہے گی۔
حکام کے مطابق طبی ایمرجنسی کے معاملات کو تصدیق کے بعد سہولت فراہم کی جائے گی، جبکہ شہری مدد کے لیے ٹریفک پولیس سے رابطہ کر سکتے ہیں۔




