امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے حالیہ پیش رفت کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے اسرائیل اور اس کے وزیرِ اعظم کے ’’مذموم ایجنڈے‘‘ کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت عمل ہے جس کی وہ مکمل طور پر مذمت کرتی ہیں۔
محبوبہ مفتی نے نیتن یاہو کو ’’جنگی مجرم‘‘ قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ ایران کو اکسانے میں مصروف ہیں اور خطے کو عدم استحکام کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔
انہوں نے آج کے احتجاج کو پُرامن قرار دیتے ہوئے اس کی سراہنا کی اور کل میرواعظ کی جانب سے دی گئی شٹ ڈاؤن کال کی حمایت کا اعلان کیا۔
ایران میں پھنسے طلبہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے امید ظاہر کی کہ وہ محفوظ رہیں گے اور جلد بحفاظت وطن واپس لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا، ’’یہ صورتحال افسوسناک ہے، لیکن ہمیں امید ہے کہ ہمارے طلبہ خیریت سے ہوں گے اور انہیں بحفاظت گھر واپس لایا جائے گا۔‘‘






