امت نیوز ڈیسک //
ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای مبینہ طور پر امریکہ اور اسرائیل کے حملے میں شہید ہوگئے ہیں۔ یہ اطلاع ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی IRNA نے دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای ہفتہ کی صبح ایک مبینہ مشترکہ امریکی اور اسرائیلی کارروائی کے دوران شہید ہوئے۔ ایرانی حکام نے اس واقعے کو براہِ راست جارحیت قرار دیا ہے۔
حکومتِ ایران نے اس اعلان کے بعد ملک بھر میں 40 روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ مرحوم رہنما کی یاد میں سات روزہ عام تعطیلات کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای سن 1989 سے ایران کے سپریم لیڈر کے عہدے پر فائز تھے اور انہوں نے آیت اللہ روح اللہ خمینی کے بعد قیادت سنبھالی تھی۔ اپنے دورِ قیادت میں انہوں نے ایران کی داخلی اور خارجہ پالیسیوں میں مرکزی کردار ادا کیا۔
حملے کی مکمل تفصیلات ابھی تک جاری نہیں کی گئیں۔ اس واقعے کے بعد خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔










