امت نیوز ڈیسک //
کشمیر میں بہار کی آمد کے ساتھ ہی ایشیا کے سب سے بڑے ٹیولپ گارڈن کو پیر کے روز عوام کے لیے کھول دیا گیا۔ توقع ہے کہ ہزاروں مقامی افراد اور سیاح اس خوبصورت باغ کا رخ کریں گے تاکہ رنگ برنگے پھولوں کے دلکش مناظر سے لطف اندوز ہو سکیں۔
تفصیلات کے مطابق باغ گل لالہ جو زبرون کے دامن میں اور مشہور ڈل جھیل کے قریب واقع ہے، کا افتتاح جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ نے کیا۔
ٹیولپ گارڈن کے کھلنے کے ساتھ ہی وادی کشمیر میں بہار کے موسم اور سیاحتی سیزن کا باضابطہ آغاز ہو جاتا ہے۔ سیڑھی نما ڈھلوانوں پر پھیلا یہ باغ جھیل ڈل کا دلکش منظر پیش کرتا ہے اور یہاں لاکھوں کی تعداد میں مختلف رنگوں اور اقسام کے ٹیولپس کھلنے لگتے ہیں، جو دیکھنے والوں کو مسحور کر دیتے ہیں۔
حکام کے مطابق اس سال باغ میں 70 سے زائد اقسام کے ٹیولپس لگائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ بہار کے دیگر خوبصورت پھول جیسے Hyacinths، Daffodils، Muscari اور Ranunculus بھی لگائے گئے ہیں تاکہ باغ کی خوبصورتی میں مزید اضافہ ہو۔
ہر سال بہار کے موسم میں یہ باغ ملک اور بیرونِ ملک سے آنے والے ہزاروں سیاحوں، قدرتی مناظر کے شائقین اور فوٹوگرافروں کو اپنی جانب متوجہ کرتا ہے اور کشمیر کے اہم سیاحتی مقامات میں شمار ہوتا ہے۔
انتظامیہ نے متوقع رش کو مدنظر رکھتے ہوئے سیاحوں کے لیے ٹرانسپورٹ، پارکنگ، سکیورٹی اور دیگر سہولیات کا بھی خاطر خواہ انتظام کیا ہے۔





