امت نیوز ڈیسک //
بھارت میں شوال کا چاند جمعرات کی شام کہیں بھی نظر نہیں آیا، جس کے بعد ملک بھر میں عیدالفطر ہفتہ، 21 مارچ کو منانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
رویت ہلال کمیٹی کے رکن مفتی عادل نے بتایا کہ ملک کے مختلف حصوں سے موصولہ اطلاعات کے مطابق چاند کی رویت کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی، اس لیے رمضان المبارک کے 30 روزے مکمل کیے جائیں گے۔
دہلی کی تاریخی جامع مسجد دلی کے نائب شاہی امام سید شبان بخاری نے بھی اس اعلان کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ عیدالفطر ہفتہ کے روز ادا کی جائے گی۔
اسی طرح لکھنو اسلامی سنٹر کے چیئرمین مولانا خالد رشید نے بھی چاند نظر نہ آنے کی تصدیق کرتے ہوئے ہفتہ کو عید منانے کا اعلان کیا۔
مزید برآں، دکن مسلم علماء کونسل نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ ملک میں کہیں سے بھی شوال کا چاند نظر آنے کی مصدقہ اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
اس اعلان کے بعد اب بھارت بھر میں مسلمان ہفتہ کی صبح عیدالفطر کی نماز ادا کریں گے اور اس طرح ماہِ رمضان المبارک کا اختتام ہوگا۔






