امت نیوز ڈیسک //
اننت ناگ، 27 مارچ :گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ نے مریضوں کی دیکھ بھال میں مبینہ لاپرواہی کے ایک واقعے کی تحقیقات کے دوران تین ملازمین کو معطل کر دیا ہے۔ معطل کیے گئے ملازمین میں، انچارج اسٹور کیپر،انچارج فارماسسٹ اور سرجری وارڈ کی اسٹاف نرس شامل ہیں۔ یہ کارروائی 26 مارچ 2026 کو پیش آنے والے ایک واقعے کے بعد عمل میں لائی گئی۔
ایم ایم اے بی ایم ایسوسی ایٹڈ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ارشد حسن صدیقی نے کہا کہ واقعے کی مکمل اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں گی اور جلد از جلد ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ جی ایم سی اننت ناگ مریضوں کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور مریضوں کی حفاظت یا دیکھ بھال پر کسی بھی قسم کے سمجھوتے کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔





