امت نیوز ڈیسک //
جموں، 28 مارچ:وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ نے ہفتہ کے روز واضح کیا کہ جموں و کشمیر میں پٹرول، ڈیزل، ایل پی جی اور مٹی کے تیل کی فراہمی مکمل طور پر برقرار ہے اور عوام کو کسی بھی قسم کی گھبراہٹ یا ذخیرہ اندوزی کی ضرورت نہیں ہے۔
اسمبلی اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور ضروری ایندھن کی سپلائی میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آنے دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست کے تمام حصوں میں وافر مقدار میں ایندھن موجود ہے اور قلت کی خبریں بے بنیاد ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ نے مزید بتایا کہ انہیں مرکزی سرکار کی جانب سے بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ جموں و کشمیر کو ایندھن کی سپلائی معمول کے مطابق جاری رہے گی۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صرف سرکاری ذرائع سے ملنے والی معلومات پر اعتماد کریں اور افواہوں سے گریز کریں۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ حکومت کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے اور کورونا وبا کے دوران جس طرح انتظامیہ نے مل کر حالات کا مقابلہ کیا تھا، اسی جذبے کے ساتھ موجودہ حالات کو بھی سنبھالا جائے گا۔






