امت نیوز ڈیسک //
زوجیلا، 27 مارچ:زوجیلا کے زیرو پوائنٹ اور انڈیا گیٹ کے درمیان جمعہ کے روز آنے والے شدید برفانی تودے کے نتیجے میں کم از کم پانچ افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ امدادی ٹیمیں مزید لاپتہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق برفانی تودہ اس وقت گرا جب سونمرگ سے کرگل جانے والی متعدد گاڑیاں اس سڑک پر رواں تھیں۔ تودہ گرنے سے کئی گاڑیاں برف تلے دب گئیں اور ابتدائی طور پر صرف گاڑیوں کے پھنسنے کی اطلاعات تھیں، تاہم بعد ازاں ریسکیو کارروائی کے دوران ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی۔
لداخ خود مختار ہل ڈیولپمنٹ کونسل کرگل کے چیف ایگزیکٹو کونسلر ڈاکٹر جعفر اخون، جو موقع پر موجود ہیں، نے بتایا کہ
“اب تک پانچ لاشیں برآمد کر کے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال دراس منتقل کی جا چکی ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ایک سے دو مزید افراد کے برف تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے اور انہیں نکالنے کے لیے ریسکیو ٹیمیں انتہائی مشکل موسمی حالات میں مسلسل کارروائی کر رہی ہیں۔
ڈاکٹر جعفر اخون کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت فی الحال ظاہر نہیں کی جا رہی تاکہ ان کے اہل خانہ میں خوف و ہراس نہ پھیلے۔ تمام متوفیان کا تعلق کرگل سے بتایا جا رہا ہے۔
برفانی تودہ گرنے کے بعد زوجیلا شاہراہ مکمل طور پر بند ہوگئی ہے اور سڑک کی صفائی اور ملبہ ہٹانے تک ٹریفک معطل رہے گی۔ حکام نے امدادی کارروائیوں کو تیز کرنے کے لیے اضافی عملہ اور مشینری تعینات کر دی ہے۔
زوجیلا کا علاقہ موسم سرما اور بہار کے دوران برفانی تودوں کے خطرے کے باعث ہمیشہ حساس رہتا ہے، اور اس واقعے نے ایک بار پھر اس اہم شاہراہ پر سفر کرنے والوں کو درپیش خطرات کو اجاگر کر دیا ہے۔






