امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 27 مارچ : سری نگر ایئرپورٹ پر رن وے کی مرمت کے پیش نظر 6 اپریل 2026 سے 31 جولائی 2026 تک پروازوں کے اوقات میں عارضی تبدیلی کی جائے گی، جس کے تحت روزانہ فلائٹ آپریشن شام 5 بجے تک محدود رہیں گے۔
ایک ہوائی اڈہ عہدیدار نے خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز کارنرکو بتایا کہ فی الوقت سری نگر ایئرپورٹ پر روزانہ تقریباً 60 فلائٹ موومنٹس (آمد و رفت) صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک انجام دی جا رہی ہیں۔
عہدیدار کے مطابق،”نڈین ایئر فورس کی جانب سے جاری کردہ نوٹم کے مطابق رن وے کی مرمت کے باعث 6 اپریل سے 31 جولائی تک شیڈول پروازوں کے اوقات شام 5 بجے تک محدود رہیں گے۔“
انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ آپریشنل اوقات کم کر دیے جائیں گے، تاہم ڈی جی سی اے کے منظور شدہ سمر شیڈول کے مطابق مجموعی پروازوں کی تعداد میں اضافہ متوقع ہے، اور ایئر لائنز اپنی پروازوں کو نئے اوقات کے مطابق ایڈجسٹ کریں گی۔
ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مسافروں کے محفوظ اور ہموار سفر کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ مسافروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ درست معلومات کے لیے صرف سرکاری اپڈیٹس پر بھروسہ کریں اور غیر مصدقہ خبروں سے گریز کریں۔






