امت نیوز ڈیسک //
سرینگر، 24 اپریل: سرینگر کے حیدرپورہ علاقے میں واقع ایک ہوٹل میں لفٹ گرنے کے واقعے میں بنگلورو سے آئے چھ سیاح زخمی ہو گئے۔ حکام کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لیے بون اینڈ جوائنٹ ہسپتال برزولہ منتقل کیا گیا۔
یہ حادثہ حیدرپورہ کے ہوٹل ایریسن لگژری میں پیش آیا، جہاں یہ سیاح قیام پذیر تھے۔ زخمیوں کو ٹانگوں اور جسم کے نچلے حصے میں مختلف نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت مستحکم ہے۔
لفٹ گرنے کی اصل وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہیں، جبکہ ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔ اس واقعے کے بعد سیاحتی مقامات پر ہوٹلوں کی حفاظتی صورتحال پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔
حکام کی جانب سے واقعے کی تحقیقات متوقع ہیں تاکہ حادثے کی وجہ اور کسی ممکنہ غفلت کا تعین کیا جا سکے۔






