امت نیوز ڈیسک //
بارہمولہ، 25 اپریل: جموں و کشمیر کی وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے خواتین کے خلاف سوشل میڈیا پر بدزبانی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عمل کرنے والوں کی “ناکامی اور کمزوری” کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے بارہمولہ میں واقع ویمنز ڈگری کالج میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ تنقید اور بحث کے لیے ہمیشہ تیار ہیں، تاہم فیس بک جیسے پلیٹ فارمز پر گالی گلوچ کسی صورت قابل قبول نہیں۔
انہوں نے کہا: “اگر آپ کو بات کرنی ہے تو مہذب انداز میں کریں، ایم ایل ایز یا متعلقہ حکام سے بات کریں، لیکن فیس بک پر بدزبانی آپ کی اپنی تذلیل ہے۔”
سکینہ ایتو نے مزید کہا کہ اسلام میں بہنوں اور بیٹیوں کو اعلیٰ مقام حاصل ہے، اس لیے خواتین کے خلاف اس طرح کی زبان کا استعمال معاشرتی اقدار کے خلاف ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ اختلاف رائے کو شائستگی کے ساتھ پیش کیا جائے اور سوشل میڈیا پر بدکلامی سے گریز کیا جائے۔




