امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 4 مئی: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے نوجوان کھلاڑیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ منشیات مخالف مہم کے برانڈ ایمبیسیڈر بن کر منشیات کے خلاف بیداری پھیلائیں۔
وہ آل انڈیا انٹر یونیورسٹی ووشو چمپئن شپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جو کشمیر یونیورسٹی کے اسپورٹس گراؤنڈ میں منعقد ہوئی، جہاں ملک بھر کی 150 سے زائد یونیورسٹیوں کے ایک ہزار سے زیادہ کھلاڑی شریک ہیں۔
ایل جی نے کہا کہ نوجوان اس مہم کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ 20 سے 60 سیکنڈ کی ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کریں تاکہ دیگر نوجوانوں کو منشیات سے دور رہنے کی ترغیب دی جا سکے۔





