امت نیوز ڈیسک//
یو پی : بھارت کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست اتر پردیش میں شدید آندھی، بارش اور ژالہ باری نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 90 افراد ہلاک ہو گئے۔
ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ریلیف حکام کے مطابق بدھ کے روز خراب موسمی حالات کے باعث درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے، جبکہ متعدد مکانات اور مویشیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
رپورٹس کے مطابق 60 افراد زخمی، 87 مکانات تباہ اور 114 مویشی ہلاک ہوئے ہیں۔ تیز ہواؤں کے باعث درخت اور بڑے بڑے ہورڈنگز اکھڑ گئے، جو گاڑیوں اور سڑک کنارے دکانوں پر جا گرے۔
کئی ہلاکتیں گھروں کی دیواریں گرنے اور درختوں کے نیچے دبنے سے ہوئیں۔
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ متاثرین کی فوری مدد کی جائے اور 24 گھنٹوں کے اندر مالی امداد فراہم کی جائے۔






