امت نیوز ڈیسک //
سری نگر : جموں و کشمیر کے ایک وزیر نے ہفتہ کے روز سری نگر میں ٹانگا کی سواری کی اور کہا کہ ایندھن کے تحفظ کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کی اپیل پر عمل کرنے کا یہ بہترین طریقہ ہے۔ اپنی سرکاری گاڑی کو ترک کرتے ہوئے، جموں و کشمیر کے وزیر برائے خوراک، شہری رسد و امور صارفین، ٹرانسپورٹ، اور یوتھ سروسز و اسپورٹس، ستیش شرما نے یہاں گپکار روڈ پر روایتی گھوڑا گاڑی میں سفر کیا۔
وزیر کی یہ سواری ان کے فیس بک اکاؤنٹ پر براہ راست نشر بھی کی گئی۔ شرما نے کہا کہ وہ وزیر اعظم نریندرا مودی کی مہم کی حمایت کر رہے ہیں اور لوگوں سے ایندھن کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا پیٹرول بچائیں میرے خیال میں کفایت شعاری کے اقدامات نافذ کرنے کا یہ بہترین طریقہ ہے۔ گاڑی میں سفر کرنے کے بجائے انسان کو اس طرح سفر کرنا چاہیے۔ سب کو اس مہم کی پیروی کرنی چاہیے۔
وزیر نے کہا کہ اس سواری نے انہیں کشمیر میں گھوڑا گاڑی میں سفر کرنے کا موقع بھی فراہم کیا۔یہ اچھا ہے۔ آج مجھے کشمیر میں اس ٹانگا میں بیٹھنے کا موقع ملا۔ مزید کہا کہ جاری سیاحتی سیزن کے دوران سیاح جموں و کشمیر کا رخ کریں۔ وزیر کے ساتھ ایک سکیورٹی اہلکار اور ایک مہمان بھی گھوڑا گاڑی میں سفر کر رہے تھے۔جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے بھی وزیر اعظم کی ایندھن کے تحفظ کی اپیل کے بعد اپنے قافلے کا حجم کم کر دیا ہے۔
وزیر اعظم مودی نے 11 مئی کو مغربی ایشیا میں کشیدگی کے سبب پیدا ہونے والے عالمی توانائی بحران کے درمیان شہریوں سے ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں کے استعمال میں کمی لانے کی اپیل کی تھی۔
وزیر اعظم نے پیٹرول اور ڈیزل کے استعمال میں کمی، شہروں میں میٹرو ریل خدمات کے استعمال، کار پولنگ، الیکٹرک گاڑیوں کے بڑھتے استعمال، پارسل کی نقل و حمل کے لیے ریل خدمات سے استفادہ، اور زرمبادلہ بچانے کے لیے گھر سے کام کرنے جیسے اقدامات تجویز کیے تھے۔





