امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 3 جون: جموں و کشمیر کی حکمران جماعت این سی نے اعلان کیا ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے آئندہ مانسون سیشن کے پہلے روز نئی دہلی میں جموں و کشمیر کو ریاستی درجہ اور آئینی ضمانتیں بحال کرنے کے مطالبے پر احتجاج کرے گی۔
یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ کی صدارت میں داچھی گام نیشنل پارک میں منعقدہ پارٹی قیادت، وزراء اور اراکینِ اسمبلی کے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن اسمبلی تنویر صادق نے کہا کہ نیشنل کانفرنس لیجسلیچر پارٹی نے جموں و کشمیر سے متعلق سیاسی اور ترقیاتی معاملات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پارٹی پارلیمنٹ کے مانسون سیشن کے آغاز کے دن نئی دہلی میں جنتر منتر یا کسی اور مقررہ مقام پر احتجاجی مظاہرہ کرے گی۔
تنویر صادق نے کہا:”نیشنل کانفرنس نے فیصلہ کیا ہے کہ پارلیمنٹ کے مانسون سیشن کے پہلے دن ہم ریاستی درجہ کی بحالی اور آئینی ضمانتوں کے مطالبے پر دہلی میں احتجاج کریں گے۔”
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے ریاستی درجہ کی بحالی پارٹی کا بنیادی اور جائز مطالبہ ہے، جو یہاں کے عوام کا آئینی حق اور ضمانت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا: "اب وقت آ گیا ہے کہ ہم وہ حقوق واپس حاصل کریں جو ہم سے چھین لیے گئے ہیں۔”




