امت نیوز ڈیسک //
جموں، 14 جون: جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر نگروٹا کے قریب ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ایک المناک سڑک حادثے میں ہریانہ کے تین نوجوان جاں بحق جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے۔
حکام کے مطابق ایک کار اور بس کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کار میں سوار پانچ افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں نے دو افراد کو اسپتال پہنچنے پر مردہ قرار دیا، جبکہ ایک اور زخمی دورانِ علاج دم توڑ گیا۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت سکندر صیفی، شکتی اور موہت ورما کے طور پر ہوئی ہے، جو ضلع فرید آباد کے علاقے بلبھ گڑھ، ہریانہ کے رہائشی تھے۔
حادثے میں زخمی ہونے والے دیپک ورما اور کلدیپ شرما زیرِ علاج ہیں اور ان کی حالت پر طبی عملہ مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔
پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔




