امت نیوز ڈیسک //
سری نگر: جموں و کشمیر کے ضلع کپواڑہ کے لنگیٹ علاقے میں بدھ کی صبح سیکورٹی فورسز کی ایک مشترکہ ٹیم نے ایک آئی ای ڈی بر آمد کی جس کو بعد میں بغیر کوئی نقصان پہنچائے ناکارہ بنا دیا گیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کپواڑہ کے وڑی پورہ لنگیٹ علاقے میں پولیس اور فوج کی 30 آر آر کی ایک مشترکہ گشتی ٹیم نے ایک فوجی کیمپ کے نزدیک ایک آئی ای ڈی پائی اور فوراً اس روڈ پر ٹریفک اور لوگوں کی نقل و حمل کو احتیاطاً روک دیا۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں بم ناکارہ بنانے والی ایک ٹیم کو جائے موقع پر طلب کیا گیا جس نے اس آئی ای ڈی کو بغیر کسی نقصان کے ناکارہ بنا دیا۔ آئی ای ڈی کو ناکارہ بنانے کے بعد روڈ پر ٹریفک اور لوگوں کی نقل و حمل بحال کر دی گئی۔ دریں اثنا پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔(یو این آئی)










