امت نیوز ڈیسک //
اننت ناگ:ضلع اننت ناگ میں دہلی کے ایک سیاح کی موت ہوگئی ہے، بتایا جا رہا ہے مذکورہ سیاح مرگی کا مریض تھا، اور مریض کو اکثر بیشتر مرگی کے دورے پڑتے تھے۔ سیاح کو مرگی کا دورہ پڑا اور اس نے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ میں دم توڑ دیا۔متوفی سیاح کی شناخت مغربی دہلی کے اُتم نگر کے رہنے والے اڑتیس سالہ وکاس متل ولد وی کے متل کے طور پر ہوئی ہے۔
معروف سیاحتی مقام پہلگام میں ہوٹل پرنس کاٹیج میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ ٹھہرا ہوا تھا، اور وہ وادی کی سیرو تفریح کے لئے یہاں آئے تھے۔مریض کی حالت خراب ہونے کے بعد اہل خانہ نے اسے ہوٹل انتظامیہ کی مدد سے پبلک ہیلتھ سینٹر (پی ایچ سی) پہلگام پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی نازک حالت کو دیکھتے ہوئے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ (جی ایم سی) اننت ناگ ریفر کیا جہاں اس نے آخری سانس لی۔اس سلسلے میں طبی اور قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔اور متوفی کی لاش کو ان کے آبائی علاقہ روانہ کرنے کے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ یکم اپریل کو ریاست مہاراشٹر سے تعلق رکھنے والے ایک بزرگ سیاح کی سرینگر کے ایک ہوٹل میں موت واقع ہو گئی۔ سیاح کی شناخت 73 سالہ پربھو سندبھور کے طور پر ہوئی ہے۔ سیاح کی موت کی وجہ فوری طور پر معلوم نہ ہو سکی تاہم پولیس نے اس ضمن میں کیس درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔









