امت نیوز ڈیسک//
بارہمولہ، 13 مئی: شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے اڑی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ ہفتہ کو دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے فوج کا ایک جونیئر کمیشنڈ افسر زخمی ہوگیا۔
ایک اہلکار نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا- فوج نے آج علی الصبح اڑی کے گوہلہ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے ساتھ دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
انہوں نے کہا کہ عسکریت پسندوں اور فوج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) بھی زخمی ہوا۔ انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران پاکستان کی جانب سے کواڈ کاپٹر اڑانے کی بھی کوشش کی گئی لیکن چوکس فوجیوں نے اس پر فائرنگ کی اور اسے پیچھے دھکیل دیا۔
انہوں نے کہا کہ زخمی جے سی او کو سرینگر کے 92 بیس ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔
اہلکار نے بتایا کہ علاقے میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم جاری ہے۔









