امت نیوز ڈیسک //
کشتواڑ ضلع کے جنگلاتی علاقے میں اتوار کی رات سیکورٹی فورسز اور ملی ٹنٹس کے درمیان ایک تازہ تصادم شروع ہو گیا، حکام نے بتایا۔
یہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ضلع کے پہاڑی علاقے چھاترو بیلٹ میں تیسرا تصادم ہے، جہاں فوج اور پولیس مشترکہ طور پر تین پاکستانی ملی ٹنٹس کی تلاش میں مصروف ہیں، جن کا تعلق کالعدم تنظیم جیشِ محمد سے بتایا جا رہا ہے۔ شدید برف باری کے باوجود آپریشن جاری ہے۔
حکام کے مطابق تازہ تصادم رات تقریباً 10:20 بجے اس وقت شروع ہوا جب فوج اور پولیس کی مشترکہ ٹیم جنسیئر-کنڈیوار جنگلاتی علاقے میں تلاشی آپریشن انجام دے رہی تھی۔ ملی ٹنٹس کی جانب سے فائرنگ کے بعد سیکورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں وقفے وقفے سے گولیوں کا تبادلہ ہوا۔
واضح رہے کہ چترو بیلٹ میں 18 جنوری کو سونر گاؤں (منڈرل-سنگھ پورہ) کے قریب پہلا تصادم ہوا تھا، جس میں ایک پیرا ٹروپر ازجان جبکہ سات دیگر فوجی زخمی ہوئے تھے۔
اگرچہ ملی ٹنٹس گھنے جنگلات اور دشوار گزار پہاڑی راستوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے، تاہم انہیں 22 جنوری کو جائے وقوعہ سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر دوبارہ گھیر لیا گیا۔
سیکورٹی فورسز کو اس بار بھی کامیابی حاصل نہ ہو سکی، لیکن دو فٹ سے زائد برف باری کے باوجود تلاشی آپریشن جاری رکھا گیا ہے۔






