"یر
امت نیوز ڈیسک //
سرینگر:سرینگر کے شہرہ آفاق جھیل ڈل میں ہفتے کی علی الصبح آگ کی ایک واردات میں پانچ ہاؤس بوٹ اور ایک درجن کے قریب رہائشی ڈھانچے خاکستر ہو گئے جبکہ جائے واردات سے تین عدم شناخت لاشیں بھی برآمد کی گئیں۔دریں اثنا ضلعی ترقیاتی کمشنر سرینگر اعجاز اسد نے جائے وقوع کا دورہ کیا اور وہاں آگ متاثرین کو یقین دلایا کہ ان کی ہر طرح سے مدد فراہم کی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق جھیل ڈل میں گھاٹ نمبر 9 کے نزدیک ہفتے کی علی الصبح ایک ہاﺅس بوٹ میں آگ نمودار ہوئی جس کے شعلوں نے متصل واقع مزید ہاﺅس بوٹوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔حکام نے بتایا کہ آگ کی اس واردات میں قریب نصف درجن ہاوئس بوٹ خاکستر ہوئیں۔ان کا کہنا تھا کہ ان ہاﺅس بوٹ مالکان کو کروڑوں روپیوں کا نقصان ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں۔محکمہ فائر اینڈ ایمر جنسی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ہاﺅس بوٹوں میں یہ آگ ہفتے کی صبح کے قریب پانچ بجے لگ گئی۔انہوں نے کہا کہ آگ کی اس واردات میں 5 ہاؤس بوٹ اور 10 سے 15 رہائشی ڈھانچے خاکستر ہوگئے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ آگ کو بجھانے کے لئے 8 گاڑیوں کو استعمال میں لایا گیا۔انہوں نے کہا کہ انتھک کوشش کے بعد آگ کی اس واردات پر قابو پایا گیا ۔
دریں اثنا این ڈی آر ایف کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ جھیل ڈل میں آگ کی واردات رونما ہونے کے بعد ٹیم نے سرچ آپریشن شروع کیا جس دوران تین عدم شناخت لاشیں برآمد کی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ تینوں غیر مقامی ہیں اور ان کی شناخت کے لئے کارروائی شروع کی گئی ہے۔مذکورہ عہدیدار نے بتایا کہ آگ کی اس ہولناک واردات کے بعد مذکورہ تین غیر مقامی سیاح لاپتہ ہو گئے تھے جنہیں بعد ازاں پانی سے بازیاب کیا گیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جس مقام پر ہاؤس بوٹ خاکستر ہوئے اور وہاں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے۔
وہیں جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جھیل ڈل میں موجود ہاؤس بوٹ میں آگ لگنے کے افسوسناک واقعے میں جانی نقصان پر اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔اپنے ایک تعزیتی بیان میں لیفٹیننٹ گورنر نے ہاؤس بوٹ میں آگ لگنے کی وجہ سے انسانی جانیں تلف ہونے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے سوگوار خاندان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے آگ کی اس واردات میں متاثر ہونے والے تمام افرادکو ضروری مدد فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے ۔






