امت نیوز ڈیسک //
برطانیہ سے تعلق رکھنے والے عرب پتی تاجر، اداکار اور گلوکار ’ڈینی لیمبو’ نے دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے بعد خانہ کعبہ سے جذباتی ویڈیو شئیر کردی۔
مہنگی ترین لیمبرگینی گاڑیوں سے انسیت کی وجہ سے اپنا نام ڈینی کیرن سے تبدیل کرکے ڈینی لیمبو رکھنے والے ارب پتی برطانوی اداکار و گلوکار ڈینی لیمبو نے اسلام قبول کرتے ہوئے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دل موہ لینےوالی کہانی سے آغاہ کردیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ڈینی لیمبو نے ویڈیو کلپ شیئر کیا جس میں انہیں حالت احرام میں خانہ کعبہ کا طواف کرتے دیکھا گیا۔
ارب پتی برطانوی اداکار ’ڈینی لیمبو’ نے اسلام قبول کرلیا
ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اداکار نے لکھاکہ،’آپ کو معلوم نہیں ہوتا کہ زندگی آپ کو کس راستے پر لے جائے گی۔’
اداکار نے بتایا کہ،’ میں کاروبار کے سلسلے میں سعودی عرب گیا تھا مگر کام جلدی پایہ تکمیل کو پہنچ گیا اور پھر ایک ایسے شخص سے ملا جو مجھے مکہ لے گیا، جہاں سے میرے ایک نئے روحانی اور جذباتی سفر کا آغاز ہوا۔‘
آنکھوں میں آنسو لیے اللہ کی بارگاہ میں حاضر ہونے والے اداکار کا اسلام قبول کرنے کے بعد دل کی کیفیت بیان کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ،’اب بطور نو مسلم میری لندن واپسی ہو گئی ہے۔‘
اداکار نے نے انسٹاگرام کی ہائی لائٹس میں ’مکہ کے سفر‘ میں اپنے ایک دوست کے ساتھ تصویر شیئر کی اور لکھا: ’شکریہ میرے بھائی باسط۔ آپ نے مجھے زندگی کے اصل معنی اور مقصد بتائے۔‘
یاد رہے کہ ڈینی لیمبو کے اثاثوں کی مالیت ایک اندازے کے مطابق 50 ملین پاؤنڈ ہے جن میں سے زیادہ تر انہوں نے ہوٹل کے کاروبار سے کمایا ہے۔
ڈینی نے 16 سال کی عمر میں تعلیم چھوڑ کر گلوکاری کو پیشے کے طور پر اپنایا تھا۔ہوٹل کے کاروبار میں حاصل ہونے والے نفع سے وہ 22 سال کی عمر میں کروڑ پتی لوگوں کی فہرست میں شامل ہوگئے تھے۔











