امت نیوز ڈیسک //
پاکستان میں عام انتخابات کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ جیل میں بند سابق وزیراعظم عمران خان نے سابق وزیر برائے اقتصادی امور اور سابق صدر ایوب خان کے پوتے عمر ایوب خان کو وزارت عظمیٰ کے لیے اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے قومی اسمبلی کی 266 میں سے 92 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جب کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) نے 75 نشستیں حاصل کیں اور سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے 54 نشستیں حاصل کیں۔
عمران خان کا عمر ایوب خان کو پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ وزارت عظمیٰ کا امیدوار نامزد کرنے کا فیصلہ اس وقت سامنے آیا ہے، جب نواز شریف نے اپنے بھائی اور سابق وزیراعظم شہباز شریف کو اس عہدے کے لیے مسلم لیگ ن کا امیدوار نامزد کیا تھا۔ نواز شریف نے کہا ہے کہ انھیں مخلوط حکومت کا وزیر اعظم بننے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اور سابق قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ عمران خان نے عمر ایوب خان کو وزارت عظمیٰ کے لیے منتخب کیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن لڑتے ہوئے عمر ایوب خان نے پاکستان کے صوبہ خیبرپختونخوا میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18 ہری پور سے 192,948 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے مسلم لیگ ن کے بابر نواز خان کو شکست دی جنہوں نے 112389 ووٹ حاصل کیے۔








