امت نیوز ڈیسک //
کپواڑہ، 25 اگست: شمالی کشمیر کے کپواڑہ میں ہفتہ کی دیر رات ایک آئل ٹینکر کے سڑک سے لڑھک کر ایک گہری کھائی میں گرنے سے دو لوگوں کی موت ہو گئی اور ایک زخمی ہو گیا۔
ایک اہلکار نے بتایا کہ ایک آئل ٹینکر جس کا رجسٹریشن نمبر JK02DG 9805 تھا، کپواڑہ سے جا رہا تھا، سڑک سے پھسل کر مژھل کے قریب گہری کھائی میں جا گرا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اس واقعے میں دو افراد ہلاک، جب کہ ایک زخمی ہوا۔ بعد میں ان کی شناخت جسبیر سنگھ ولد غریب سنگھ ساکن بلشامہ سندربنی راجوری اور انکش چودھری ولد پرمجیت ساکن نوشہرہ کے طور پر ہوئی۔ زخمی شخص کی شناخت انو شرما ولد سنت لال شرما ساکن سندربنی ضلع راجوری کے طور پر ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ، انہوں نے مزید کہا کہ دونوں لاشوں کو طبی قانونی کارروائیوں کے لئے ایس ڈی ایچ کپوارہ منتقل کیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہے۔










