امت نیوز ڈیسک //
جموں: جموں و کشمیر میں راجوری ضلع کے سندر بنی سیکٹر کے ایک گاؤں میں آج بھارتی فوج کے ایک قافلے پر نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کردی تاہم اب تک ملی اطلاعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ذرائع نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ قافلہ سندر بنی سیکٹر سے گزر رہا تھا کہ نامعلوم بندوق برداروں نے اچانک قافلہ گولیاں چلائیں۔ ایک اور ذریعے نے بتایا کہ "فائرنگ کا کوئی تبادلہ نہیں ہوا جبکہ مسلح افراد کا سراغ لگانے کے لیے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔”
سرکاری طور پر فوج نے ابھی تک کسی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں دی ہے۔
نامعلوم عسکریت پسندوں کی جانب سے فوجی قافلہ پر فائرنگ کے بعد علاقہ کا محاصرہ کرکے تلاشی کارروائی شروع کردی گئی۔ فائرنگ کے بعد فوج کے جوانوں نے تیزی سے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ واقعہ کا مقام سندر بنی میں سی آر پی ایف بٹالین ہیڈ کوارٹر سے تقریباً 5-6 کیلومیٹر کی دوری پر واقف ہے۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقہ میں سیکوریٹی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔










