امت نیوز ڈیسک //
نیشنل کانفرنس کے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ اتحاد کے بارے میں کسی بھی امکان کو مسترد کرتے ہوئے وزیر اعلی عمر عبداللہ نے کہا کہ جاری بجٹ اجلاس میں ایوان میں ریاست سمیت تمام مسائل پر بحث کی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ دفعہ 370کی بحالی سے متعلق ہم نے پہلے سیشن میں بھی کام کیا ہے اور جو قرار دار ہم نے اس وقت لائی وہ آج بھی قائم و دائم ہے ۔
سی این آئی کے مطابق جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے پہلے دن میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کا بی جے پی کے ساتھ کسی بھی طرح کا اتحاد ممکن نہیںہے ۔ بی جے پی رکن اسمبلی آر ایس پٹھانیا کے ممکنہ اتحاد کے بارے میں اشارے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں وزیر اعلی عمر عبد اللہ نے کہا ”ہم کسی اتحاد (بی جے پی کے ساتھ) کی بات نہیں کر رہے ہیں، نہ کوئی گنجائش ہے اور نہ ہی ضرورت ہے۔ ہمارے خیالات بھی ہم آہنگ نہیں ہوتے۔ اگر ہم جموں و کشمیر کی بات کریں تو ہمارے خیالات بالکل مختلف ہیں“۔انہوں نے کہا”جاری بجٹ اجلاس میں ایوان میں ریاست سمیت تمام مسائل پر بحث کی جائے گی“۔
انہوں نے کہا کہ آج لیفٹنٹ گورنر کا خطبہ تھا اور منگل سے ایوان میں کام شروع ہو گیا ۔ دفعہ 370کی بحالی سے متعلق عمر عبد اللہ نے کہا کہ ہم نے پہلے سیشن میں کام کیا ہے اور وہ آج بھی وہ قرار داد قائم ہے ۔ انہوںنے کہا کہ لوگوں نے سوچا تھا کہ یہ قرار داد نا منظور ہو گی تاہم ہم نے قراردار لائی اور ایوان نے اس کو پاس کیا ۔ عمر نے کہا ” وہ قرار داد آج بھی قائم و دائم ہے “۔










