امت نیوز ڈیسک //
شوپیاں: جموں و کشمیر میں سیکورٹی فورسز نے علیحدگی پسند سرگرمیوں سے منسلک افراد کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے ایک حصے کے طور پر ضلع شوپیاں میں متعدد مقامت پر چھاپے مارے۔
اس دوران حریت رہنماؤں کی رہائش گاہوں کی امام صاحب، ٹرینز، چوٹی پورہ اور مالدیرہ سمیت کئی دیہاتوں میں تلاشی لی گئی۔ علاوہ ازیں میمندر کے علاقے میں محمد یوسف میر کے گھر پر بھی چھاپہ مارا گیا۔
یہ کارروائیاں غیر قانونی سرگرمیاں ایکٹ کے تحت مبینہ طور پر عسکریت پسندی میں ملوث نیٹ ورکس کی روک تھام لیے انجام دی گئیں۔ تاہم، حکام نے چھاپوں کے دوران کوئی سامان / مواد قبضے میں لینے یا گرفتاریوں کے حوالے سے کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا ہے۔
یہ کارروائی جموں و کشمیر میں علیحدگی پسند نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے لیے سیکورٹی فورسز کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔ پچھلے کچھ دنوں کے دوران سیکورٹی کو سخت کرنے اور غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے پورے خطے میں اسی طرح کے متعدد چھاپے مارے گئے۔
دو دن پہلے بھی شوپیاں میں سیکیورٹی فورسز نے چھاپہ مار کر محمد عبداللہ تاری ولد مرحوم عبد الحمید تاری کی تلاشی لی تھی۔ اس تلاشی کے دوران کچھ مشتبہ مواد برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا جس کی جانچ جاری ہے۔










