امت نیوز ڈیسک //
گاندربل، 20 مئی: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کو کہا کہ حکومت امرناتھ یاترا اور میلہ کھیر بہوانی کے محفوظ اور ہموار انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے خاطر خواہ اقدامات کر رہی ہے۔
گاندربل میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے، وزیر اعلی عمر نے نیوز ایجنسی – کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) کے مطابق کہا کہ انتظامیہ مناسب انتظامات کر رہی ہے جبکہ میلہ کھیر بھوانی اور امرناتھ یاترا کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے سیکورٹی سے متعلق اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیاحت بری طرح متاثر ہوئی ہے لیکن فی الحال صورتحال ایسی نہیں ہے کہ اس شعبے کو دوبارہ بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا، "ایک بار امرناتھ یاترا ختم ہونے کے بعد، حکومت اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ بیٹھے گی اور سیاحت کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے اقدامات کرے گی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ باہر سے آنے والے ٹور آپریٹرز بھی چاہتے ہیں کہ یہاں دوبارہ سیاحت کو فروغ ملے۔ "کچھ گروپوں نے دوبارہ آنا شروع کر دیا ہے۔ یاترا کے اختتام پر بحالی کے اقدامات کیے جائیں گے،” ۔
وزیر اعلی نے گاندربل میں اپنے حلقہ انتخاب کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پنڈچ میں اولڈ ایج ہوم کا افتتاح کیا اور ویٹرنری اسپتال کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ انہوں نے آنے والے میلے کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے کھیر بھوانی مندر کا بھی دورہ کیا—(کے این او )










