امت نیوز ڈیسک//
سرینگر، 23 اکتوبر : جموں و کشمیر کانگریس نے جمعرات کو اعلان کیا ہے کہ وہ نیشنل کانفرنس (این سی) کے راجیہ سبھا امیدواروں کی مکمل حمایت کرے گی۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ "جمہوریت، سیکولر اقدار اور ریاست کے مفاد” کو مدنظر رکھتے ہوئے لیا گیا ہے۔
جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ کی صدارت میں منعقدہ اہم اجلاس میں یہ فیصلہ لیا گیا۔ اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا گیا کہ “کانگریس نے ہمیشہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور جمہوری روایات کی پاسداری کی ہے۔ ہم نیشنل کانفرنس کے ساتھ مل کر ان طاقتوں کو شکست دینا چاہتے ہیں جو تقسیم اور نفرت کی سیاست کو فروغ دے رہی ہیں۔”
پارٹی ذرائع کے مطابق، کانگریس کے تمام چھ ایم ایل ایز راجیہ سبھا انتخابات میں این سی کے امیدواروں کے حق میں ووٹ ڈالیں گے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ “ہم اتحاد کی سیاست کے ذریعے جموں و کشمیر میں امن، استحکام اور عوامی فلاح کے ایجنڈے کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔”
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ کانگریس کے اس فیصلے سے اپوزیشن کی صفوں میں یکجہتی بڑھے گی اور بی جے پی کے لیے راجیہ سبھا کی نشستیں جیتنا مزید مشکل ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں نیشنل کانفرنس نے دیگر جماعتوں سے بھی اپیل کی تھی کہ وہ بی جے پی کے امیدواروں کے خلاف مشترکہ محاذ بنائیں۔









