امت نیوز ڈیسک //
سرینگر: وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کے روز ریزرویشن کے مسئلے پر اپنی حکومت کا موقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر سپریم کورٹ کی 50 فی صد ریزرویشن کی حد پر سختی سے عمل کرے گا، اور شفافیت کے ساتھ آئینی اصولوں کی پاسداری کرے گا۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے 23 دسمبر 2024 کو اپنے سری نگر رہائش گاہ پر اوپن میرٹ طلبہ سے ملاقات کی، جو کہ غیر منصفانہ ریزرویشن کے خلاف ایک علامتی احتجاج کے موقع پر ہوئی۔
جموں میں سول سیکریٹریٹ میں عہدہ سنبھالنے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے عمر نے کہا،”چھپانے جیسی کیا بات ہے؟ اگر ہم اسے چھپانا چاہتے، تو اسے اپنے منشور میں شامل نہ کرتے۔ اس مسئلے پر ساری بحث تب ہی شروع ہوئی جب نیشنل کانفرنس نے اسے اپنے منشور میں شامل کیا۔ جو لوگ اب اوپن میرٹ کے محافظ بن رہے ہیں — وہ اس سے پہلے کہاں تھے؟”
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے اپنی رپورٹ پہلے ہی پیش کر دی ہے۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ "ہماری پوری نیت ہے کہ سپریم کورٹ کے اس فیصلے پر عمل کریں کہ ریزرویشن پچاس فی صد سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔ اگر چھپانے جیسی کوئی بات ہوتی، تو ہم اسے عوام کے سامنے نہ لاتے،”۔ (کے این سی)










