امت نیوز ڈیسک //
جموں و کشمیر پولیس نے بعض قومی میڈیا چینلز کی جانب سے پھیلائی گئی اس خبر کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جس میں اننت ناگ کے دو مقامی نوجوانوں کو ملی ٹینٹ بتایا گیا تھا۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو جعلی اور گمراہ کن ہے۔
پولیس کے مطابق ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جسے بعض قومی نیوز چینلز نے بھی نشر کیا، جس میں دو افراد کو غلط طور پر ملی ٹینٹ ظاہر کیا گیا۔ پولیس نے کہا کہ یہ دعویٰ سراسر بے بنیاد اور جھوٹا ہے۔
پولیس نے وضاحت کی کہ ویڈیو میں نظر آنے والے دونوں نوجوان طالب علم ہیں اور اس وقت اسمارٹ فون خریدنے جا رہے تھے جب یہ ویڈیو بنائی گئی۔ ان کی شناخت کو غلط انداز میں پیش کرنے سے بے جا خوف و ہراس اور ذہنی اذیت پیدا ہوئی، جس کے بعد پولیس کو وضاحتی بیان جاری کرنا پڑا۔
حکام کے مطابق دونوں نوجوانوں نے پولیس سے رجوع کر کے جعلی ویڈیو اور جھوٹے الزامات کے خلاف باضابطہ شکایت درج کرائی ہے۔ پولیس نے کہا کہ غلط معلومات پھیلانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
جموں و کشمیر پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا کے استعمال میں احتیاط اور ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور بغیر تصدیق کے کسی بھی گمراہ کن مواد کو شیئر کرنے سے باز رہیں، کیونکہ اس سے بے گناہ افراد کی زندگی متاثر ہو سکتی ہے اور امن و امان میں خلل پڑ سکتا ہے۔
پولیس نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ جعلی ویڈیوز اور جھوٹے بیانیے پھیلانا ایک سنگین جرم ہے اور اس ناسور کے خاتمے کے لیے سماج کے تمام طبقوں کے تعاون کی ضرورت ہے۔









