امت نیوز ڈیسک //
سری نگر، 29 جنوری: اتراکھنڈ میں ایک کشمیری شال فروش پر حملے کے معاملے پر وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی سے فون پر بات کی اور واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اس واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے حملے ناقابلِ قبول ہیں اور فوری طور پر روکے جانے چاہئیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ ہماچل پردیش اور اب اتراکھنڈ میں پیش آنے والے حالیہ حملے ایک تشویشناک سلسلے کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے لکھا، “یہ دعویٰ نہیں کیا جا سکتا کہ جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ حصہ ہے جبکہ ملک کے دیگر حصوں میں کشمیری عوام اپنی جانوں کے خوف میں زندگی گزاریں۔” عمر عبداللہ نے واضح کیا کہ ان کی حکومت جہاں بھی ضرورت پڑی مداخلت کرے گی اور ایسے واقعات کی تکرار کو روکنے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ مرکزی وزارتِ داخلہ بھی اس معاملے کا سنجیدہ نوٹس لے گی اور دیگر ریاستوں کو اس سلسلے میں حساس بنائے گی تاکہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔





