امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی: بھارتی وزیرِ اعظم مودی نے کہا ہے کہ دنیا میں کسی بھی مسئلے کا حل فوجی تصادم کے ذریعے ممکن نہیں اور تنازعات کے خاتمے کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ضروری ہے۔
انہوں نے یہ بات فن لینڈ کے صدر الیکزنڈر سٹب کے ساتھ نئی دہلی میں ہونے والی ملاقات اور مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
وزیرِ اعظم مودی نے کہا کہ بھارت اور فن لینڈ دونوں قانون کی حکمرانی، بات چیت اور سفارت کاری پر یقین رکھتے ہیں اور اس بات پر متفق ہیں کہ صرف فوجی طاقت کے ذریعے کسی مسئلے کو حل نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ چاہے معاملہ یوکرین کا ہو یا مغربی ایشیا کا، بھارت ان تنازعات کے جلد خاتمے اور امن کے لیے کی جانے والی ہر کوشش کی حمایت جاری رکھے گا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے ڈیجیٹلائزیشن اور پائیداری کے شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو اسٹریٹجک شراکت داری تک بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
مودی نے کہا کہ مصنوعی ذہانت، 6G ٹیلی کمیونی کیشن، صاف توانائی اور کوانٹم کمپیوٹنگ جیسے جدید شعبوں میں تعاون دونوں ممالک کے درمیان ٹیکنالوجی اور اقتصادی روابط کو مزید مضبوط کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت اور یورپی یونین کے درمیان مجوزہ آزاد تجارتی معاہدہ تجارت، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دے گا۔
فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹیب چار روزہ دورے پر بدھ کے روز بھارت پہنچے ہیں جس کا مقصد تجارت، سرمایہ کاری اور اہم ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینا ہے۔





