امت نیوز ڈیسک //
سرینگر : سرینگر میں واقع ایشیا کا سب سے بڑا ٹیولپ گارڈن 16 مارچ سے سیاحوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔
سرکاری حکام کے مطابق باغ میں ٹیولپ کے پھول کھلنا شروع ہو گئے ہیں جس کے بعد محکمہ فلوریکلچر نے اسے سیزن کے لیے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ فلوریکلچر کشمیر کی ڈائریکٹر نے بتایا کہ باغ سیاحوں کے استقبال کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
یہ خوبصورت باغ زبرون کے دامن میں واقع ہے اور یہاں سے جھیل ڈل کا دلکش منظر بھی دیکھا جا سکتا ہے۔
حکام کے مطابق اس سال باغ میں تقریباً 18 لاکھ ٹیولپ پھول لگائے گئے ہیں جن کی 70 سے 75 مختلف اقسام سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنیں گی۔ مزید خوبصورتی کے لیے پھولوں کی کیاریوں کی تعداد اور ترتیب کو بھی بہتر بنایا گیا ہے تاکہ سیاحوں کو زیادہ دلکش منظر دیکھنے کو مل سکے۔






