امت نیوز ڈیسک //
نئی دہلی، 24 مارچ: بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے منگل کو امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ٹیلیفون پر گفتگو کی، جس میں مغربی ایشیا کی موجودہ صورتحال اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرِ اعظم مودی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کی بحالی اور کشیدگی کم کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ بھارت نے ایک بار پھر مذاکرات اور سفارتی کوششوں کے ذریعے مسائل کے حل کی اپنی پالیسی کو دہرایا۔
گفتگو کے دوران وزیرِ اعظم نے عالمی تجارت اور توانائی کی سپلائی کے لیے اہم سمندری راستے آبنائے ہرمز کی اسٹریٹجک اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ اسے ہر حال میں کھلا، محفوظ اور قابلِ رسائی رہنا چاہیے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ وہ مغربی ایشیا میں امن اور استحکام کے لیے جاری کوششوں پر ایک دوسرے سے رابطے میں رہیں گے۔





