امت نیوز ڈیسک //
جموں: جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ارکان نے بدھ کے روز ایوان میں افسران کی گیلری میں سینئر بیوروکریٹس کی مبینہ غیر موجودگی پر سخت ناراضگی ظاہر کی۔ خاص طور پر سوالیہ وقفے کے دوران سینئر افسران کی غیر حاضری پر سخت برہمی کا اظہار کیا گیا۔
سبھی پارٹیوں کے ارکان اپنی نشستوں سے اس وقت کھڑے ہو گئے جب نذیر احمد خان (گریزی)نے یہ معاملہ ایوان میں اٹھایا۔ انہوں نے کہا: "ماضی میں یہ روایت تھی کہ چیف سیکریٹری اور کمشنر سیکریٹریز وقفہ سوالات میں موجود رہتے تھے، مگر اب ان کی جگہ خصوصی سیکریٹریز بھیجے جا رہے ہیں، جو ایوان کو غیر سنجیدہ لینے کے مترادف ہے۔” انہوں نے عوام کے لیے منتخب نمائندوں اور بیروکریٹس کا موازنہ کرتے ہوئے کہا: ” جیسے ہم عوامی نمائندے ہیں، ویسے ہی یہ افسران عوام کے خادم ہیں۔” گریزی نے سخت لہجے میں افسران کی غیر موجودگی کا ذکر کیا جس پر حکومت اور اپوزیشن دونوں کے ارکان نے ان کی حمایت کی۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایم ایل اے شام لال شرما کے مطابق "پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا کہ افسران غیر حاضر رہے ہوں۔ اسپیکر کو چاہیے کہ چیف سیکریٹریز کو نوٹس بھیجیں تاکہ افسران کی حاضری یقینی بنائی جائے۔” انہوں نے یہ بھی کہا کہ جن محکموں کے افسران موجود نہ ہوں، ان کے کام کو ایوان میں مؤخر کیا جائے۔
اس پر اسپیکر عبد الرحیم راتھر نے کہا کہ "نشستوں کی کمی کی وجہ سے پورا سیکریٹریٹ یہاں نہیں آ سکتا۔” مگر انہوں نے وزیر اعلیٰ سے کہا کہ متعلقہ محکموں کے سینئر افسران سوالیہ دن پر ضرور موجود رہیں۔










