امت نیوز ڈیسک //
جموں: جموں و کشمیر کے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے بی جے پی پر جموں اور کشمیر کے درمیان تقسیم پیدا کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے جموں کے تعلیمی اداروں میں باہر سے تقرریوں کے معاملے پر سوال اٹھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کشمیر کی یونیورسٹیوں اور دیگر اداروں میں مقامی قیادت کو ترجیح دی جاتی ہے تو یہی اصول جموں میں بھی یکساں طور پر لاگو ہونا چاہیے۔ انہوں نے پوچھا کہ جموں کے اہم تعلیمی اداروں میں بیرونِ ریاست افراد کی تقرری پر بی جے پی کیوں خاموش ہے۔
چوہدری نے اپوزیشن لیڈر سنیل شرما کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کے بیانات سے “منتخب تشویش” ظاہر ہوتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر وہ واقعی جموں کے مفادات کے نمائندہ ہیں تو انہیں ان تقرریوں کی وضاحت کرنی چاہیے۔
انہوں نے نیشنل لا یونیورسٹی سے متعلق جاری بحث کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ادارہ جاتی قیادت کے معاملات کو بغیر کسی سیاسی جانبداری کے یکساں انداز میں دیکھا جانا چاہیے۔





