امت نیوز ڈیسک //
شمالی کشمیر کے حاجن علاقے میں جمعہ کے روز ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا جہاں دریائے جہلم میں ڈوب کر تین نوجوان جاں بحق ہوگئے۔ یہ افسوسناک واقعہ چندرگیر علاقے میں اُس وقت پیش آیا جب نوجوان دریائے جہلم کے کنارے ٹینٹ کا سامان دھو رہے تھے۔
مقامی لوگوں کے مطابق ایک نوجوان اچانک پھسل کر دریا میں جا گرا اور تیز بہاؤ کی زد میں آگیا۔ اپنے دوست کو بچانے کی کوشش میں دوسرے دو نوجوان بھی فوراً دریا میں کود پڑے، تاہم تیز موجوں نے تینوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
واقعہ کے فوراً بعد مقامی افراد، پولیس اور ایس ڈی آر ایف ٹیموں نے ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ کئی گھنٹوں کی مسلسل تلاش کے بعد تینوں نوجوانوں کی لاشیں دریا سے نکال لی گئیں۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت عادل احمد ڈار (18) ولد بشیر احمد ڈار، سمیر احمد ڈار (22) ولد محمد جمال ڈار اور سہیل احمد ڈار (22) ولد غلام نبی ڈار کے طور پر ہوئی ہے۔ تینوں کا تعلق چندرگیر حاجن سے تھا۔
حادثے کے بعد پورا علاقہ سوگ میں ڈوب گیا۔ نوجوانوں کے گھروں میں کہرام مچ گیا جبکہ اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد تعزیت کے لیے جمع ہوئی۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ تینوں نوجوان نہایت ملنسار اور محنتی تھے۔
ایک مقامی شہری نے آبدیدہ ہو کر کہا،”سب سے زیادہ دکھ اس بات کا ہے کہ وہ ایک دوسرے کو بچانے کی کوشش کر رہے تھے۔“
حکام کے مطابق لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔





