امت نیوز ڈیسک //
سرینگر، 8 جون: جموں و کشمیر بورڈ آف پروفیشنل انٹرنس ایگزامینیشنز نے ایم ایس سی نرسنگ کورسز 2026 کے لیے اتوار کو منعقد ہونے والا کامن انٹرنس ٹیسٹ امیدواروں کے مخصوص او ایم آر شیٹس میں تکنیکی تضادات سامنے آنے کے بعد منسوخ کر دیا ہے۔ بورڈ نے معاملے کی تحقیقات کا بھی حکم دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سرینگر کے ایس پی کالج امتحانی مرکز میں امتحان شروع ہونے سے چند منٹ قبل امیدواروں کی مخصوص او ایم آر شیٹس میں معلومات کے عدم مطابقت کا انکشاف ہوا، جس کے باعث امتحان متاثر ہوا۔
اس فیصلے سے مجموعی طور پر 513 امیدوار متاثر ہوئے، جن میں سرینگر کے 348 اور جموں کے 165 امیدوار شامل ہیں۔ امتحان کی منسوخی پر متعدد امیدواروں نے احتجاج کیا، جس کے بعد بورڈ نے پورے جموں و کشمیر میں امتحان منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔
جے کے بی او پی ای ای کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ امتحان کے دوران او ایم آر شیٹس میں پائی گئی تکنیکی خرابیوں کے باعث شفافیت اور انصاف کو یقینی بنانے کے لیے امتحان منسوخ کیا گیا۔
بورڈ نے امیدواروں کو پیش آنے والی دشواری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ایم ایس سی نرسنگ داخلہ امتحان اب 19 جون 2026 (جمعہ) کو دوبارہ منعقد کیا جائے گا۔
بورڈ کے مطابق نئے ایڈمٹ کارڈز ڈاؤن لوڈ کرنے سے متعلق علیحدہ نوٹیفکیشن جلد جاری کیا جائے گا، جبکہ امتحان سے متعلق دیگر تمام شرائط و ضوابط پہلے کی طرح برقرار رہیں گے۔
امیدواروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تازہ ترین معلومات کے لیے بی او پی ای ای کی سرکاری ویب سائٹ کا باقاعدگی سے جائزہ لیتے رہیں۔
اس معاملے پر ردِعمل دیتے ہوئے جے کے بی او پی ای ای کی چیئرپرسن پروفیسر مینو مہاجن نے بتایا کہ بورڈ نے اتوار کی شام ایک ہنگامی اجلاس منعقد کیا، جس میں واقعے کی تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سینئر ممبر ڈاکٹر سریندر کی سربراہی میں ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو 15 دن کے اندر رپورٹ پیش کرے گی اور ذمہ داران کا تعین کرے گی۔






