امت نیوز ڈیسک //
بارہمولہ، 25 جون: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں نیو بائی پاس علاقے میں جمعرات کو ایک نو تعمیر شدہ پل اچانک منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق پل اپنی تعمیر مکمل ہونے کے فوراً بعد گر گیا، جس سے موقع پر موجود کئی افراد زخمی ہو گئے۔
تمام زخمیوں کو فوری طور پر ضلع اسپتال بارہمولہ منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ زخمیوں میں سے ایک شخص کو ریڑھ کی ہڈی میں شدید چوٹ آنے کے باعث مزید خصوصی علاج کے لیے سری نگر کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پل کے منہدم ہونے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ متعلقہ ادارے حادثے کے اسباب کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔
واقعے کے بعد مقامی لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ انتظامیہ نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔






