امت نیوز ڈیسک //
بارہمولہ: شمالی کشمیر کے گلمرگ سیکٹر میں آشا پوسٹ کے قریب سملووالی ڈھوک علاقے میں ہفتہ کی دوپہر ایک پرانا ناکارہ شیل اچانک پھٹنے سے ایک شہری جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت زبیر احمد بجاڈ کے طور پر ہوئی ہے، جو ضلع بارہمولہ کے چنڈوسہ علاقے کے رہائشی تھے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ گولہ ماضی میں استعمال ہونے والا ناکارہ گولہ تھا، جو اچانک اس وقت پھٹ گیا جب چند شہری وہاں موجود تھے۔
دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ان کی حالت کے بارے میں فوری طور پر کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
واقعے کے فوراً بعد پولیس اور دیگر سکیورٹی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ دھماکے کی وجوہات اور حالات کا مکمل جائزہ لیا جا سکے۔




