ڈیسک رپورٹ
جموں و کشمیر میں حج 2027 کے لیے درخواستوں کی رفتار غیر معمولی طور پر سست ہے۔ ریاست کو مختص تقریباً آٹھ ہزار کے کوٹے کے مقابلے میں اب تک صرف تقریباً 2300 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جس کے بعد جموں و کشمیر حج کمیٹی نے اہل افراد سے 20 جولائی 2026 کی آخری تاریخ سے قبل درخواستیں جمع کرانے کی اپیل کی ہے۔
حج کمیٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر شجاعت احمد قریشی نے اس بارے میں میڈیا کوبتایا کہ موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد توقعات سے خاصی کم ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ درخواست دینے کے لیے کارآمد پاسپورٹ کا ہونا لازمی ہے اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے عزیز و اقارب اور دیگر خواہش مند افراد کو بھی بروقت درخواست دینے کی ترغیب دیں تاکہ کوئی اہل شخص اس موقع سے محروم نہ رہ جائے۔ انہوں نے یہ مشورہ بھی دیا کہ آخری وقت تک انتظار کرنے کے بجائے جلد از جلد درخواستیں جمع کرائی جائیں۔
اعداد و شمار کے مطابق 2025 میں جموں و کشمیر سے 4351 عازمین نے فریضۂ حج ادا کیا تھا، جبکہ اس مرتبہ کوٹے میں اضافے کے باوجود درخواستوں کی تعداد اس سے کہیں کم ہے۔ اس صورتِ حال نے مختلف حلقوں میں یہ سوال پیدا کیا ہے کہ آخر حج کے لیے رجحان میں یہ کمی کیوں دیکھنے میں آ رہی ہے۔
سماجی مبصرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران حج کے مجموعی اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ فضائی کرایوں، رہائش، سفری انتظامات اور دیگر اخراجات کے باعث متوسط اور کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے حج کی ادائیگی پہلے کے مقابلے میں زیادہ مشکل محسوس ہو رہی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ عمومی معاشی دباؤ، مہنگائی اور گھریلو ذمہ داریوں میں اضافے نے بھی بہت سے افراد کو فی الحال حج کا ارادہ مؤخر کرنے پر مجبور کیا ہے۔
بعض مبصرین کے مطابق درخواستوں میں کمی کی ایک وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ متعدد افراد ابھی آخری تاریخ سے قبل درخواست جمع کرانے کا ارادہ رکھتے ہوں۔ ماضی میں بھی آخری ایام میں درخواستوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، اس لیے حتمی صورت حال کا اندازہ آخری تاریخ گزرنے کے بعد ہی ہو سکے گا۔
دوسری جانب دینی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ حج اسلام کا ایک عظیم رکن ہے اور صاحبِ استطاعت مسلمانوں کو اس فریضے کی ادائیگی میں حتی المقدور تاخیر نہیں کرنی چاہیے۔ ان حلقوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں پر بھی زور دیا ہے کہ حج کے اخراجات میں جہاں ممکن ہو کمی لانے، معلوماتی مہم چلانے اور درخواست کے عمل کو مزید سہل بنانے کے اقدامات کیے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ اہل افراد اس سعادت سے مستفید ہو سکیں۔
جموں و کشمیر حج کمیٹی نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ 20 جولائی درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ ہے اور تمام اہل اُمیدوار مقررہ مدت کے اندر اپنی درخواستیں مکمل دستاویزات کے ساتھ جمع کرائیں تاکہ بعد میں کسی پریشانی یا محرومی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
حج 2027 کے لیے موصول ہونے والی درخواستوں کی موجودہ تعداد نہ صرف انتظامی اداروں بلکہ سماجی اور مذہبی حلقوں کے لیے بھی غور و فکر کا موضوع بن گئی ہے۔ اگرچہ آخری تاریخ تک درخواستوں میں اضافہ متوقع ہے، تاہم ابتدائی اعداد و شمار اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ بڑھتے معاشی چیلنجز اور دیگر عملی مشکلات نے حج کے لیے عوامی رجحان کو کسی حد تک متاثر کیا ہے، جس پر سنجیدہ توجہ دینے کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔







