نئی دہلی: بھارتی فضائیہ میں اگنی ویروں بھرتی کے لیے رجسٹریشن کا عمل ختم ہو گیا ہے۔ اس بھرتی کے لیے آن لائن رجسٹریشن 24 جون سے 05 جولائی تک ہوا تھا۔ اس کے لیے ایئرفورس کی آفیشل ویب سائٹ پر نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ اس کے ساتھ ہی اب بھارتیہ فضائیہ نے ٹویٹ کرکے بتایا ہے کہ اس بھرتی کے لیے ریکارڈ 7 لاکھ 49 ہزار 899 امیدواروں کا اندراج کیا گیا ہے۔ اس وقت تک کسی بھی بھرتی کے سائیکل میں درخواستوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد 6 لاکھ 31 ہزار 528 درج کی گئی تھی۔
واضح رہے کہ اگنی پتھ اسکیم کے اعلان کے بعد ملک بھر میں نوجوانوں نے اس کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ اس کے باوجود نوجوانوں کی بڑی تعداد نے اگنی ویر بننے کے لیے اپلائی کیا ہے۔ فوج نے اگنی ویر بھرتی ریلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے اور بحریہ میں بھی اگنی ویروں کی بھرتی کے لیے درخواستیں جاری ہیں۔ بتادیں کہ اگنی پتھ اسکیم کے تحت کسی بھی فوج میں امیدواروں کو صرف 4 سال کے لیے بھرتی کیا جائے گا اس کے بعد ان اگنی ویروں میں سے زیادہ سے زیادہ 25 فیصد امیدوار ہی مستقل طور پر بھارتی فوج کا حصہ بنیں گے۔








