امت نیوز ڈیسک //
سرینگر:بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) کے کمانڈنٹ، ڈاکٹر کرنیل سنگھ، جو جموں کشمیر پولیس سب انسپکٹر بھرتی گھوٹالہ میں ملوث پائے گئے، کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ یو ٹی کی ایک عدالت نے انہیں دس دن تک سنٹرل بیرو آف انویسٹی گیشن کی ریمانڈ میں بھیجنے کا حکم دیا ہے۔ مذکورہ آفیسر کو گزشتہ روز سی بی آئی نے گرفتار کیا تھا اور آج اسکی دس روز کی ریمانڈ کا حکم دیا گیا ہے۔
غور طلب ہے کہ جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بوڈ (ایس ایس بی) نے گزشتہ برس پولیس میں سب انسپکٹرز کی بارہ سو اسامیوں کی بھرتی کا عمل شروع کیا تھا۔ ان اسامیوں کے تحریری امتحانات کے نتائج میں امیدواروں نے بے ضابطگیوں کا الزام عائد کیا تھا اور جموں میں ایس ایس بی کے خلاف احتجاج کرکے اس میں جانچ کا مطالبہ کیا تھا۔
احتجاج اور تنقید کے بعد ایل جی انتظامیہ نے چیف سیکریٹری ارون کمار مہتا کی سربراہی میں جانچ کمیٹی تشکیل دی تھی اور اس کمیٹی نے نتائج میں بے ضابطگیوں کا انکشاف کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ان بے ضابطگیوں میں ایس ایس بی کے چند ممبران کے ملوث ہونے کا اشارہ ملا ہے اور سی بی آئی جانچ کے بعد اس کا مکمل پردہ فاش ہوسکتا ہے.۔
سی بی آئی نے اب تک سب انسپکٹر بھرتی گھوٹالہ میں قریبا 40 ملوثین کے خلاف مقدمے درج کئے ہیں اور ان میں کئی گرفتار بھی ہوچکے ہیں











