امت نیوز ڈیسک //
پلوامہ / پلوامہ کے ایک نوجوان کے عسکری صفوں میں شامل ہونےکی رپورٹ کو پولیس نے پیر کے روز مستر د کر دیا ہے۔ پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مران پلوامہ سے تعلق رکھنے والے گوہر نبی نامی طالب علم کی تصویر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل کی گئی جس میں دعوی کیا گیا کہ وہ عسکری صفوں میں شامل ہو گیا ہے۔ تفتیش کرنے پر پتہ چلا کہ مذکورہ نوجوان نے کسی عسکری گروپ میں شمولیت اختیار نہیں کی ہے اور وہ اس وقت بھٹنڈہ پنجاب کے ایک کالج میں بی ایس سی کارڈیالوجی کی تعلیم حاصل کر رہا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق مذکورہ نوجوان نے ان دعووں کی تردید کرتے ہوئے ایک ویڈیو کلپ بھی ریکار ڈ کیا ہے۔
پلوامہ پولیس نے اس معاملے کی تفتیش بھی شروع کی ہے تاکہ ان لوگوں کی شناخت اور گرفتاری کی جاسکے جنہوں نے نوجوان کی تصویریں سوشل میڈیا پر شیئر کیں اور اس پر عسکری صفوں میں شامل ہونے کے جھوٹے الزامات لگائے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پولیس شر پسندوں کو متنبہ کرتی ہے کہ وہ ایسے کسی بھی مواد کو شیئر کرنے سے گریز کریں جو بد نیتی پر مبنی اور اشتعال انگیز ہو۔








