امت نیوز ڈیسک //
سرینگر // جموں کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے داخلہ سیکرٹری کی صدارت میں نئی دلی میں میٹنگ منعقد ہوئی جس میں G20کیلئے سیکورٹی انتظامات او ر امرناتھ یاترا کے پُر امن انعقاد کے پیش نظر سیکورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ اسی دوران آج یعنی 13اپریل کو ایک اور اعلیٰ سطحی میٹنگ وزیر داخلہ امیت شاہ کی سربراہی میں منعقد ہونے والی ہے ۔ نئی دلی میں جموں کشمیر کی سیکورٹی صورتحال اور آنے والے G20اجلاس کیلئے کئے گئے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے داخلہ سیکرٹری اے کے بھلا کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی ۔ میٹنگ میں سرینگر میں جی 20 ورکنگ گروپ کی میٹنگ، امرناتھ یاترا کے علاوہ انسداد عسکریت پسندی کی کارروائیاں، بارڈر سیکورٹی گرڈ کو مضبوط بنانا پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا ۔ میٹنگ میں چیف سیکرٹر ی ڈاکٹر ارون مہتا، ہوم سیکرٹری آر کے گوئل، ڈی جی پی دلباغ سنگھ اور ڈی جی سی آئی ڈی آر آر سوین نے شرکت کی جبکہ نئی دہلی سے نیم فوجی دستوں کے سربراہان شامل ہوئے ۔اس میٹنگ میں مرکزی حکومت کے دیگر سینئر عہدیداروں کے بھی موجود تھے ۔ میٹنگ میں مرکزی وزارت داخلہ نے جموں و کشمیر میں ریلوے ٹریکس، اسٹیشنوں اور تمام تنصیبات کے حفاظتی اقدامات کا خاص جائزہ لیا جس میں اعلیٰ ریلوے حکام انچارج جموں و کشمیر اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف ریلویز سنیل کمار شامل تھے۔ذرائع نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں ریلوے مسافروں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کا جائزہ لیا گیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ مرکزی وزارت داخلہ چاہتی ہے کہ لکھن پور سے جموں تک ریلوے ٹریک پر حفاظتی اقدامات کو مزید تیز کیا جائے خاص طور پر اس ٹریک پر جو جموں، سانبہ اور کٹھوعہ اضلاع میں بین الاقوامی سرحد کے قریب آتا ہے۔ ریلوے کی دیگر تمام اہم تنصیبات اور تمام ریلوے اسٹیشنوں کی حفاظتی انتظامات کو بھی تیز کیا جائے گا۔ذرائع نے بتایا کہ 13اپریل کو وزیر داخلہ امیت شاہ کی سربراہی میں میٹنگ منعقد ہو گی جس میں 22 سے 25 مئی کو سری نگر میں ہونے والے جی 20 اجلاس پر توجہ مرکوز کریں گے، جو پہلی بڑی بین الاقوامی میٹنگ ہوگی۔ اجلاس سے پہلے نرم اہداف پر حملہ کر سکتے ہیں، جو وادی میں ایک بڑا بین الاقوامی پروگرام ہے، انہوں نے مزید کہا اور کہا کہ یہ تمام مسائل وزارت داخلہ کی میٹنگ میں زیر غور آئیں گے۔









