امت نیوز ڈیسک //
قومی تحقیقاتی ایجنسی نے معروف اسلامی اسکالر اور ریکٹر دارالعلوم رحیمیہ بانڈی پورہ مولانا رحمت اللہ میر قاسمی کو مبینہ طور پر ملی ٹنسی فنڈنگ کے معاملے میں طلب کیا ہے۔
حکام نے بتایا کہ این آئی اے ملی ٹنسی فنڈنگ معاملے کے کیس کی تحقیقات کر رہی ہے جس دوران انہوں نے مولانا رحمت اللہ میر قاسمی کے نام سمن جاری کرتے ہوئے انہیں پوچھ تاچھ کیلئے طلب کر لیا ہے۔
جو سمن انہیں موصول ہوئی ہے اس میں لکھا گیا” ایسا لگتا ہے کہ آپ اس کیس کے حقائق سے واقف ہیں۔ اس کے ذریعہ آپ کو این آئی اے کیمپ آفس چرچ لین سونہ وار سرینگر میں اس کیس سے متعلق کچھ سوالات کے جوابات کے مقصد سے رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے“۔
دریں اثنا، ذرائع نے بتایا کہ مولانا قاسمی انہیں جاری کردہ سمن کے سلسلے میں سرینگر میں این آئی اے کے دفتر پہنچے ہیں۔